Dost Bara Dushman Hai

Spread the love

دوست بڑا دشمن ہے 

حضرت شیخ سعدی رحمۃ اللہ علیہ بیان فرماتے ہیں کہ ایک باصفا صوفی سے کسی نے کہا کہ فلاں شخص آپ کے متعلق غلط باتیں کہتا ہے اور آپ کی برائی بیان کرتا رہتا ہے۔

صوفی بولا کہ تو خاموش ہو جا کہ دشمن کی بات کو نہ جاننا ہی بہتر ہوتا ہے اور وہ جو کہتا ہے اسے کہنے دے کہ دشمن کا پیغام پہنچانے والے دشمن سے بھی زیادہ خطرناک ہوتے ہیں۔

کوئی شخص دشمن کی بات کو دوست تک نہ پہنچائے، اگر وہ دشمن کی بات دوست تک پہنچاتا ہے تو وہ دشمن کا دوست ہے، تمہارا خیر خواہ نہیں۔ دشمن میں اتنی ہمت نہیں تھی کہ وہ اپنی بات منہ پر کہتا مگر دوست نے دشمن کی بات کو منہ پر کہہ دیا جسے سن کر میرا بدن کانپ اٹھا –

اے دوست تو میرا دشمن زیادہ ہے کہ تو مجھے برملا بری بات کہہ رہا ہے اور میرا دشمن وہی بات خفیہ طور پر کہتا ہے۔ دشمن کی کہی بات دوست کے منہ سے سُن کر انسان غصہ میں آ جاتا ہے۔

ایسے شخص سے بچو کہ اس کی صحبت سے بچنا تمہارے لئے بہتر ہے جو پوشیده بات کو تمہارے سامنے بیان کرتا ہے۔ چغل خوری سے بہتر ہے کہ انسان کے پائوں بندھے ہوئے ہوں اور وہ اندھے کنوئیں میں قید ہو۔

دو آدمیوں کے درمیان لڑائی کو ہوا دینا آگ کی مانند ہے اور بدبخت چغل خوره وه لکڑ ہارا ہے جو اس آگ کو بھڑکا رہا ہے۔

Also Read  Zameer Kay Bhoj Tale -UrduQissa.com

پس یاد رکھو کہ دشمن اگر تمہارے متعلق کوئی بات کرتا ہے تو وہ پیٹھ پیچھے کرتا ہے مگر جو دوست تم تک اس دشمن کی بات پہنچاتا ہے وہ تمہارا بڑا دشمن ہے۔


Spread the love

Leave a Comment